سود اور حرام ۔ مائی سکسس ورک



سوال

اسلام و علیکم ، جناب مفتی صاحب! ایک مسئلہ درپیش ہے اس کا حلال یا حرام ہونے کا جواب شرعی دلیل اور تفصیل سے تحریری شکل میں دیں ۔ ٭٭ ایک آئیرلینڈ کی کمپنی ہے MSW مائی سکسیس ورک۔ یہ کمپنی دنیا کے مختلف ممالک بشمول پاکستان کے آن لائین کام کرتی ہے ۔ جس میں یہ کمپنی مختلف طرح کی کمپنیوں کے اشتہار چلاتی ہے۔جیسے ایپل ۔ سام سنگ ۔بی ایم ڈبلیو۔ بالی ووڈ اور ہالی ووڈ وغیرہ ۔یہ اشتہار اپنے(Members) ارکان کو دیتی ہے تا کہ وہ یہ اشتہار دیکھیں ۔ اور جب کوئی رکن یہ اشتہار دیکھتا ہے تو اس کے عوض اس کو رقم ملتی ہے۔ اور اگر کوئی رکن اشتہارنہیں دیکھتا تو اسے کوئی رقم نہیں ملتی ۔ MSWکا رکن بننے کے لیے ایک (Package)پیکج خریدنا پڑتا ہے ۔اور اشتہار اور پیسے Packageکے حساب سے ملتے ہیں۔ پیکج کی تفصیل اور منافع درج ذیل ہے۔ ٭ پہلا پیکج 25$ کا ہے۔ اس پر 7%کے حساب سے ہر ہفتے منافع ملتا ہے۔جو کے 77$بنتاہے۔ ٹوٹل 44ہفتے منافع ملے گا۔ اس کے بعد پیکج ختم۔ ٭ دوسرا پیکج 100$ کا ہے۔ اس پر 8%کے حساب سے ہر ہفتے منافع ملتا ہے۔جو کے 352$بنتاہے۔ ٹوٹل 44ہفتے منافع ملے گا۔ اس کے بعد پیکج ختم۔ ٭ تیسرا پیکج 300$ کا ہے۔ اس پر 9%کے حساب سے ہر ہفتے منافع ملتا ہے۔جو کے 1188$بنتا ہے۔ٹوٹل 44ہفتے منافع ملے گا۔ اس کے بعد پیکج ختم۔ ٭ چوتھا پیکج 500$ کا ہے۔ اس پر 10%کے حساب سے ہر ہفتے منافع ملتا ہے۔جو کے 2200$بنتا ہے۔ ٹوٹل 44ہفتے منافع ملے گا۔ اس کے بعد پیکج ختم۔ ٭ پانچواں پیکج 15001$کا ہے۔ اس پر 12%کے حساب سے ہر ہفتے منافع ملتا ہے۔جو کے 79205$بنتا ہے۔ ٹوٹل 44ہفتے منافع ملے گا۔ اس کے بعد پیکج ختم۔ ٭چھٹا پیکج 50001$ کا ہے۔ اس پر 14%کے حساب سے ہر ہفتے منافع ملتا ہے۔جو کے 308006$بنتا ہے۔ ٹوٹل 44ہفتے منافع ملے گا۔ اس کے بعد پیکج ختم۔ اس سے بھی زیادہ کا آپ پیکج لے سکتے ہیں اس پر اور زیادہ منافع ملتا ہے۔ اور اگر آپ کوئی کمپنی کے لیے ارکان اکٹھے کرو گے اس میں سے بھی ایک خاص حصہ آپ کو دیا جاتا ہے۔ ٭٭ اس کا دوسرا حصہ یہ کہ یہ کمپنی ڈیجیٹل کرنسی بھی بناتی ہے اور اس میں سے بھی اپنے ورکر کو ایک خاص حصہ دیتی ہے۔ ٭٭ یہ ایک آن لائین بزنس ہے۔نہ یہ پاکستان میں رجسٹرڈ ہے جسکا کوئی بھی بندہ ذمہ دار نہیں اور جو بندہ اس میں رقم لگائے گا نقصان کا وہ خود ذمہ دار ہو گا۔


جواب

یہ کاروبار اور اس کانفع ناجائز ہے۔
   ناجائز ہونے کی چند وجوہات یہ ہیں:
1۔  اشتہارات جائز اور ناجائز ہر قسم کے ہوتے ہیں جب کہ ناجائز اشتہار دیکھنا ناجائز اور اس پر نفع لینا اور بھی ناجائز
2۔  اشتہار دیکھنا کوئی مفید دینی یا دنیوی سرگرمی نہیں ہے۔یہ قوم کو اور نوجوانوں کو سست اور کاہل بنادے گی۔
3۔ اس میں دھوکہ بھی ہے۔جس کی تفصیل یہ ہے کہ کمپنی کو معاوضہ اس پر ملتا ہے کہ مختلف لوگوں نے اشتہارات دیکھیں جب کہ حقیقت میں صرف کمپنی کے ممبران نے اشتہار دیکھے ہوتے ہیں۔
4۔ اس کے علاوہ یہ کمپنی لیگل بھی نہیں ہے جو اس کے کاروبار کو غیر شرعی ہونے کے علاوہ مشکوک بھی بنادیتی ہے۔