عیدکی نماز کہاں پڑھنا اچھا ہے؟
سوال:عید کی نماز عیدگاہ میں پڑھنی چاہیے یا مسجد میں ؟آپ سے رہنمائی مطلوب ہے۔
جواب:نبی کریم ﷺ کا عام معمول اور دستور یہ تھا کہ عیدین کی نماز کے لیے مدینہ طیبہ کی آبادی سے باہر ایک صحرائی میدان میں تشریف لے جایا کرتے تھے،یہ میدان مدینہ منورہ سے تقریبا ایک ہزار گز کے فاصلے پر تھا اور اس کے ارد گرد کوئی چار دیواری وغیرہ بھی نہ تھی۔اس بنا پر فقہاء کرام لکھتے ہیں کہ عیدین کی نماز باہر کھلے میدان میںیا عیدگاہ میں پڑھنا سنت ہے۔دوسری طرف ابوداؤد اور ابن ماجہ میں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی روایت ہے کہ ایک دفعہ عید کے دن بارش ہوئی تو رسول کریم ﷺ نے ہمیں عید کی نماز مسجد نبوی میں پڑھائی۔اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اگر بارش کی حالت ہو یا اس جیسا کوئی اور عذر ہوتو عید کی نماز مسجد کے اندر بھی پڑھی جاسکتی ہے۔حاصل یہ ہے کہ عیدین کی نماز کے لیے عیدگاہ جانا سنت ہے،اگر چہ جامع مسجد یا جہاں عید کی نماز پڑھی جاتی ہو وہاں پڑھنا بھی جائز ہے۔