جمعۃ الوداع کے دن کی شرعی حیثیت



سوال:جمعۃ الوداع کے دن کی کیا اہمیت ہے؟اس دن ہم کون سی عبادت کریں تاکہ زیادہ ثواب حاصل ہو ؟
جواب:جمعہ کا دن تمام دنوں کا سردارہے،اس لیے اسے’’ سید الایام‘‘(تمام دنوں کاسردار) کہا جاتاہے اور رمضان کا مہینہ تمام مہینوں سے زیادہ فضیلت اوربرکت اور والا ہے،اس لیے بجا طور پر’’ سید الشہور‘‘(تمام مہینوں کا سردار) کہا گیا ہے۔پھر رمضان کے ابتدائی عشرے میں رحمت کی جو پھوار شروع ہوتی ہے،آخری عشرے میں اس کی گھٹائیں جھوم جھوم کر برسنے لگتی ہیں اور رحمت کی جھڑی سی لگ جاتی ہے،اس لحاظ سے جمعہ کا دن جب رمضان میں اور خصوصا اس کے آخری عشرے میں آئے تو اس میں یہ تمام فضیلتیں اکھٹی ہوجاتی ہیں،اور یوں رمضان کے جمعہ کی اہمیت بڑھ جاتی ہے،اس کے علاوہ اس دن کے روزے کی کوئی خاص فضیلت ثابت نہیں اور نہ ہی اس دن کوئی ایسی عبادت شریعت نے مقرر کی ہے جو عام دنوں میں نہ کی جاسکتی ہویا عام دنوں میں اس کا ثواب جمعۃ الوداع کے دن سے کم ہو۔جو بھی نوافل،ذکر،تسبیح یا تلاوت اس دن کی جائے گی، رمضان شریف کی برکت سے اس کا ثواب زیادہ ملے گا،جو لوگ یہ خیال کرتے ہیں کہ آخری جمعہ کا روزہ ساری عمر کے روزوں کا قائم مقام ہوجاتا ہے وہ سخت غلطی پر ہیں۔