سمندر کے وسط میں نماز جمعہ
س :۔ میں دبئی میں سمندر کے وسط میں جہاز وغیرہ پر اس طرح کام کرتا ہوں کہ دو ماہ سمندر پر اور ایک ماہ گھر پر ہوتا ہوں، ان دو ماہ میں صرف مغرب اور عشاء کی نماز باجماعت ہوتی ہے، اس میں تقریباً پندرہ مقتدی ہوتے ہیں، ان دو ماہ میں جمعے کی نماز نہیں پڑھتا، کیوں کہ یہاں جمعے کی نماز نہیں ہوتی، اس سلسلے میں میرے لیے کیا حکم ہے؟(شہباز رحمٰن، دبئی)
جواب:سمندر کے وسط میں آپ مسافر بھی ہیں اور آپ پر جمعہ اور عیدین بھی واجب نہیں ہیں،مسافرتو اس لیے ہیں کہ سمندر جائے اقامت نہیں ہوسکتا اور جمعہ کے لیے آبادی شرط ہے ،اس لیے آپ جمعہ کی جگہ ظہر کی نماز قصر ادا کرلیا کریں،البتہ تمام نمازیں باجماعت ادا کرنے کی کوشش کریں کیونکہ جماعت کی تاکید بہت زیادہ ہے۔اگر جہاز کی منتظمہ کی طرف سے ممانعت ہو یا تمام عملے کا ایک ساتھ جماعت میں شامل ہونا ممکن نہ ہو تو اپنے ساتھ کسی دوسرے شخص کو شامل کرکے جماعت کروالیا کریں۔