نماز کے دوران موبائل کی گھنٹی کس ہاتھ سے بند کی جائے ؟
سوال ۔۔۔ آپ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا تھا کہ اگر نماز میں فون آجائے اور گھنٹی بجنے لگے تو موبائل دائیں جیب میں ہوتو دائیں ہاتھ سے بائیں میں ہوتو بائیں ہاتھ سے بند کیا جاسکتا ہے۔ آپ سے سوال یہ ہے کہ اگر دائیں سے کریں تو ٹھیک ہے لیکن اگر بائیں ہاتھ سے بند کریں گے تو دائیں ہاتھ بھی مصروف رہے گا اور جب ہاتھ واپس باندھیں گے تو دائیں ہاتھ اُٹھانا پڑے گا تو کیا بائیں جیب والا بائیں ہاتھ سے بند کرسکتے ہیں برائے مہربانی رہنمائی فرمادیجیے؟محمد شعبان
جواب۔۔۔تجربہ ومشاہدہ یہی ہے کہ دائیں جیب میں دایاں ہاتھ اور بائیں میں بایاں ڈالنا آسان رہتا ہے۔ نماز کے علاوہ بھی لوگوں کی یہی عادت دیکھنے کو ملتی ہے اس سہولت اور عادت کی وجہ سے نماز میں کم سے کم حرکت ہوتی ہے اور نتیجتاً نماز کا سکون کم متاثر ہوتا ہے۔ بہرحال، اصل منشاء یہ ہے کہ کم وقت میں معمولی حرکت کے ساتھ نہایت عجلت اور بہت سہولت کے ساتھ کسی دقّت واضطراب کے بغیر موبائل بند کردیا جائے، ایسا عام طورپر اُسی طریقے سے ممکن ہوتا ہے جو پہلے لکھا گیا اور یہی وجہ دائیں اور بائیں میں فرق کرنے کی تھی۔