حلال جانوروں کے پیشاب اور گوبروغیرہ کا حکم



 


سوال :میرا سوال یہ ہے کہ حلال چوپائے کا پیشاب اور گوبر یا مینگنی وغیرہ پاک ہوتی ہے یا ناپاک، اگر نماز کے کپڑوں پر لگ جائے توان کپڑوں میں نماز پڑھنے کا کیاحکم ہے؟محمد صدیق۔


جواب:جو جانور حلال ہیں اور کھائے جاتے ہیں،ان کے پیشاب اور گوبر وغیرہ کے حکم میں فرق ہے ۔ گائے،بیل اور بھینس وغیرہ کا گوبر ، بھیڑ،بکری اور اونٹ وغیرہ کی مینگنی،بطخ،مرغی اور مرغابی وغیرہ کی بیٹ،نجاست غلیظہ ہے۔نجاست غلیظہ اگر نمازی کے بدن یا کپڑے پر لگ جائے اور اس کا وزن ساڑھے چار ماشہ سے زیادہ ہو تو اس کا دھونا فرض ہے اور اس کے ساتھ نماز پڑھی جائے تو نماز نہیں ہوتی،اور اگر ساڑھے چار ماشہ کے برابر ہوتو اس کا دھونا واجب ہے اور اس کے ساتھ نماز مکروہ تحریمی ہے اور اس کا لوٹانا واجب ہے ،اتنی نجاست کے ہوتے ہوئے اگرجان بوجھ کر نماز پڑھی تو گناہ گار بھی ہے۔اگر نجاست غلیظہ ساڑھے چار ماشہ سے کم ہوتو اسے پاک کرنا سنت ہے اور اگر پاک نہ کی اور نماز پڑھ لی تو نماز ہوگئی مگر خلاف سنت ہوئی اور ایسی نماز کا لوٹانا بہتر ہے،تاہم ضروری نہیں ہے۔
حلا ل جانوروں کا پیشاب نجاست خفیفہ ہے۔نجاست خفیفہ چوتھائی کپڑے سے کم معاف ہے،اس لیے بدن یا کپڑے پر اگرنجاست خفیفہ لگ جائے اور چوتھائی سے کم ہو تو نماز ہوجائے گی،لیکن مکروہ ہوگی۔