بچے کو دودھ پلانے والی عورت کے لیے روزے کا حکم



سوال:
میرا ایک چھوٹا بچہ ہے جو دودھ پیتا ہے ، میری اہلیہ انہیں دودھ پلاتی ہیں، اور کچھ ہلکی غذائیں بھی وہ کھاتاہے، اب رمضان میں اہلیہ کے لیے روزے رکھنے کا کیا حکم ہوگا ؟اور یہ بھی بتائیں کہ روزے کی حالت میں بھی بچے کو دودھ پلاسکتی ہیں یا نہیں ؟اس سے روزے پر کوئی اثر پڑتا ہے یا نہیں ؟
جواب:
 
اگر آپ کی اہلیہ  روزہ رکھ کر بچے کو دودھ اور دیگر مناسب غذا کے ذریعے اس کی خوراک پوری کرسکتی ہیں تو ان پر روزہ رکھنا فرض ہے، اور اگر روزے کی حالت میں دودھ پلانے سے اہلیہ کے لیے صحت کے اعتبار سے  غالب گمان کے اعتبار سے نقصان ہوتا ہو، یا بچے کی غذا مکمل نہ ہوسکتی  ہو تو اس صور ت میں روزہ چھوڑنے کی گنجائش ہے، رمضان کے بعد ان روزوں کی قضاکریں گی۔روزے کی حالت میں بچے کو دودھ پلانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔