مرحومہ بہن کی جانب سے روزوں کا فدیہ ادا کرنا
سوال:
ہماری والدہ کا انتقال ہوچکا ہے، میری ایک خالہ ہیں، ہم لوگ اتنی حیثیت نہیں رکھتے کہ ہم اپنی والدہ کے جتنے روزے رہ گئے ہیں ان کا فدیہ ادا کرسکیں، ان کی ملکیت میں کوئی اتنی رقم بھی نہیں تھی کہ وہ رقم چھوڑکر جاتی،کہ اس رقم سے ہم ان کے روزوں کا فدیہ دیتے، اب ہماری جو خالہ ہیں وہ چاہتی ہیں کہ ہماری والدہ کے جتنے روزے رہ گئے تھے ان روزوں کا فدیہ ادا کریں، کیا خالہ ہماری والدہ جن کا انتقال ہوچکا ہے ان کے روزوں کا فدیہ ادا کرسکتی ہیں یا نہیں ؟اور دوسری بات یہ پوچھنی ہے کہ اگر وہ فدیہ دے سکتی ہیں تو یہ فدیہ کی رقم کس کو دی جائے؟
جواب:
آپ کی خالہ ،آپ کی والدہ مرحومہ کی جانب سے ان کے روزوں کا فدیہ ادا کرسکتی ہیں، یہ اُن کا مرحومہ کے ساتھ احسان کا معاملہ ہوگا۔فدیہ کی رقم ان ہی لوگوں کو دے سکتے ہیں جن کو زکوۃ دے سکتے ہیں، یعنی زکوۃ کے مستحق افراد جو سادات میں سے نہ ہوں انہیں فدیہ دیا جاسکتاہے۔