عصر کی نماز کے بعد قضا نماز پڑھنے اور قضا نماز باجماعت پڑھنے کا حکم



سوال:
کیاعصر کی فرض نماز کے بعد   گذشتہ عصرکی قضا  نماز پڑھ سکتے ہیں؟،نیز قضاء نماز جماعت سے پڑھ سکتے ہیں یا نہیں؟
 
جواب:
واضح رہے کہ قضاء نمازوں کی ادائیگی کے لیے کوئی خاص وقت مقرر نہیں،تین مکروہ اوقات(طلوع آفتاب،زوال آفتاب،غروب آفتاب) کے علاوہ کسی بھی وقت  قضاء نمازیں پڑھی جاسکتی ہیں،البتہ عصر کی وقتی نمازکے بعد سورج زرد ہوجانے سے پہلے پہلے سابقہ قضاء نمازیں چاہے عصر کی ہو یا کوئی دوسری نماز کی قضاء ہو  ادا کی جا سکتی ہیں، البتہ سورج کے زردی مائل ہوجانے کے بعد(تقریباً غروب سے بیس منٹ پہلے) سے لے کر غروب آفتاب تک قضاء نماز ادا نہیں کی جاسکتی۔
 اگر ایک سے زائد افراد کی ایک ہی وقت کی نماز قضاء ہوجائے اور وہ ایک جگہ پر قضاء نماز پڑھ رہے ہوں تو انہیں قضا نماز  باجماعت ہی پڑھنی چاہیے،کیوں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی قضاء نماز باجماعت ادا فرمائی تھی،اور جہری نماز ہوتو قرات جہراًاور سری نماز ہوتو قرات سراً کی جائے،اورقضاء کی جماعت میں شرط یہ ہے کہ سب نمازیوں کی قضاءنماز ایک ہو، نیز یہ کہ  شدید عذر اور مجبوری کے بغیرمحض غفلت کی وجہ سے نماز قضاء کرنا  کبیرہ گناہ ہے،اور گناہ کا اظہار بھی شریعت میں پسندیدہ نہیں ہے، لہذا قضاءنماز کی جماعت علی الاعلان نہ ہو، بلکہ لوگوں سے چھپ کر اداکروائی جائے ، لہذا مسجد میں عصر کی فرض نماز ادا کرنے کے بعد  اسی طرح فجر کی فرض نماز ادا کرنے کے بعد مسجد میں سب کے سامنے قضاپڑھنا درست نہیں ،بلکہ گھر یا مسجد کے اس حصہ میں قضاپڑھے جہاں کسی اور کی نظر نہ پڑے۔