مسجد کی اینٹیں فروخت کر کے بیت الخلا میں لگانا
سوال:
مسجد کے صحن کی اینٹیں نکال کر اسے فروخت کرکے لیٹرین میں لگائی جا سکتی ہیں؟
جواب:
مسجد کا ملبہ قابلِ احترام ہے،ناپاک جگہ میں یا جہاں بے ادبی کا اندیشہ ہو وہاں نہ ڈالا جائے،مناسب ہے کہ اس ملبہ کواسی مسجد میں ہی کسی مناسب جگہ میں یعنی بنیاد وغیرہ میں استعمال کرلیا جائے ،اگر اس مسجد میں استعمال کی ضرورت نہ ہو تو فروخت کردینا بھی جائز ہے،بہتر یہ ہے کہ مسلمان کے ہاتھ فروخت کیا جائے اور اسے ہدایت کردی جائے کہ یہ مسجد کا ملبہ ہے،اسے ایسی جگہ استعمال کیا جائے جہاں بے ادبی نہ ہو۔ اس ملبہ کو فروخت کرکے اس کی قیمت کو اسی مسجد کی ضروریات میں صرف کردیا جائے۔ (کفایت المفتی، ج:7، ص:67، ط:دار الاشاعت - فتاوی رحیمیہ ج:9، ص:152، ط: دار الاشاعت)