جائے ملازمت میں قصر و اتمام کا حکم
سوال:
میں ایک گورنمنٹ اسکول میں سرکاری ملازم ہوں، میرا اسکول گھر سے تقریبًا نوے( 90) کلومیٹر دور ہے؛ اس لیے فیملی کے ساتھ سال کے اکثر حصوں میں وہیں رہتا ہوں، لیکن کبھی کبھار مہینہ دو مہینہ کے لیے بچے وغیرہ گھر آجاتے ہیں تومجھے بھی ایک ہفتے کے بعد گھر آنا جانا پڑتا ہے، کیا اس درمیان اسکول میں رہتے ہوئے میں وہاں قصر کروں یا اتمام؟ واضح رہے کہ جب تک میں وہاں رہتا ہوں مجھے ہی امامت کرنی پڑتی ہے، امامت کےلیے کوئی دوسرا شخص نہیں ہے، کافی پسماندہ علاقہ ہے۔
جواب:
جب آپ سال کے اکثر دن اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ ملازمت والے علاقے میں رہتے ہیں تو یہ علاقہ آپ کا وطن ِ اقامت بن چکا ہے، لہذا وطنِ اصلی (گھر) سے وطنِ اقامت (موضع ملازمت) میں آنے کی صورت میں اتمام لازم ہوگا اگرچہ یہاں پندرہ دن سے کم قیام کا ارادہ ہو۔