سرکاری نوکری میں دوسروں کا کام کرکے اضافی تنخواہ لینا
سوال :
میں ایک سرکاری ادارہ میں کام کرتا ہوں اور میری تنخواہ 25000/- ہزار اور اسکیل 1 ہے اورمیرا کام جہاز کی صفائی کرنا ہے لیکن میری تعلیم اور تجربہ کی وجہ سے میرے ادارے کے افسران نے مجھے ایک اکاؤنٹ اور بلنگ کلرک کے کام پر لگایا ہے جس کا کم سے کم اسکیل 9 ہے اور تنخواہ 35000/- سے 40000/- ہزار ہوتی ہے۔ میرے ادارے کے افسران مجھے اوور ٹائم کی مد میں 10000 سے 11000 ہزار روپے دیتے ہے جواوور ٹائم میں کرتا نہیں لیکن میری تنخواہ اور اسکیل کم ہونے اور کام بڑے اسکیل کا کرنے کی وجہ سے مجھے دیا جاتا ہے میرا سوال یہ ہےکے کیا میرا یہ پيسہ لینا جائز ہے کے نہیں؟
جواب:
اگر سرکاری ادارہ کے افسران کو حکومت کی جانب سے یہ اختیار ہے کہ کم اسکیل والے ملازم سے زیادہ اسکیل والے ملازم کے کام لینے کی صورت میں اور ٹائم کے نام سے اضافی رقم دینے کی اجازت ہے اگرچہ وہ اور ٹائم نہیں کرتا ہو تو افسران کے لئے حکومت کے کھاتے سے اضافی رقم دینا اور سائل کےلئے لینا جائز ہے۔ اور اگر افسران حکومت کے کھاتے سے نہیں دیتے بلکہ ذاتی رقم سے انتظام کرتے ہیں تو بھی سائل کے لیے وہ رقم لینا جائز ہوگا۔ اور اگر افسران بالا کو اس طرح کا کوئی اختیار نہیں ہے تو دس ہزار روپے حکومت کے کھاتے سے اضافی دینا درست نہیں، البتہ سائل کے لیے اضافی کام کرنے کی صورت میں اضافی رقم لینا جائز ہوگا، اور اگر اضافی کام نہیں کرتا تو اضافی رقم لینا جائز نہیں ہوگا۔