شلوار ٹخنوں سے نیچے رکھنے والے شخص کی اقتدا کا حکم
سوال:
نمازوں سے پہلے اعلان کیا جاتا ہے کہ شلوار ٹخنوں سے اوپر کردیں، اگر کسی جگہ پر ایسا شخص امامت کرے کہ اس کی شلوار ٹخنوں سے نیچے ہو، تو کیا اس صورت میں ایسے آدمی کے پیچھے نماز ہوجاتی ہے ؟یانہیں ہوتی ؟وضاحت فرمادیں۔
جواب:
شلوار ٹخنوں سے نیچے لٹکانا نماز میں بھی منع ہے اور نماز کے علاوہ دیگر حالات میں بھی اس کی اجازت نہیں ہے۔حدیث شریف میں اس پر سخت وعیدیں ارشاد فرمائی گئی ہیں۔اگر کسی شخص کی عادت ہی شلوار ٹخنوں سے نیچے لٹکانے کی ہو تو یہ عمل موجبِ فسقِ امام ہے، اور فاسق کے پیچھے نماز مکروہ ہے، لہٰذا ایسے شخص کی اقتدا میں نماز مکروہ تحریمی ہے،ایسے شخص کے پیچھے نمازپڑھنے کے بجائے کسی نیک صالح اور متبعِ سنت شخص کی اقتدا میں نماز ادا کرنی چاہیے۔