آپریشن کے بعد طہارت حاصل کرنا اور پیشاب کا بیک ساتھ لگا ہو تو نماز کا حکم



سوال
بچہ دانی میں  رسولی کے آپریشن کے بعد  طہارت کیسے حاصل کی جائے گی؟ جب کہ مکمل بیڈ ریسٹ ہوتا ہے، اور پیشاب کا بیگ بھی لگا ہوتا ہے،ایسی صورت میں وضو کا کیا طریقہ ہوگا؟ اور اگر بے ہوشی  کی وجہ سے نماز چھوٹ جائے تو وہ بعد میں ادا کرنی ہوگی؟
 
جواب
واضح رہے کہ جس مریض کو پیشاب کی تھیلی لگی ہوئی ہو وہ شرعاً معذور کے حکم میں ہے،اور اس کے لیے اسی حالت میں نماز پڑھنا جائز ہے ،اور معذور کے وضو کا حکم یہ ہے کہ ہر نماز کا وقت داخل هونے كے بعدوضو کرے اور اس وضو سے فرض نماز اور اس کے ساتھ سنتیں اور نوافل وغیرہ پڑھ لے، اور  اگلی نماز کا وقت  داخل هونے كے بعد دوبارہ وضو کرے ۔
اور آپریشن کی بے ہوشی کے دوران جو نمازیں فوت ہوجاتی ہیں اُن کو بعد میں ادا کرنا ضروری ہے،کیوں کہ یہ بےہوشی قدرتی نہیں ہے،بےہوشی دوائی یا انجکشن لینے کی وجہ سے ہوتی ہے ،اور یہ اختیاری ہے،اور اختیاری بےہوشی کی صورت میں نماز فوت ہوجائے تو اس کی قضا لازم ہے۔ (رد المحتار على الدر المختار،كتاب الحيض، مطلب في أحكام المعذور ،ج :1، ص: 305، ط: سعيد- و  کتاب الصلاۃ، باب صلاۃ المریض، ج: 2، ص: 102، ط : سعید- البحرالرائق،  باب صلاة المريض،ج: 2، ص: 127، ط: دار الكتاب الإسلامي)