سیکیورٹی ڈپازٹ کی رقم پر نفع وصول کرنا



سوال
کنٹینر ریلیز کراتے وقت شپنگ لائن کو سیکورٹی ڈپوزٹ کے طور پر رقم جمع کرانی پڑتی ہے، جب کنٹینر کمپنی کو واپس مل جاتا ہے اس کے بعد کمپنی وہ رقم واپس کرتی ہے، اکثر کلیئرنگ ایجنٹس سیکورٹی ڈپوزٹ کی رقم خود جمع کرا دیتے ہیں اور اپنی امپورٹر پارٹی سے اس رقم کے عوض 2 ہزار یا 3 ہزار اضافی وصول کرتے ہیں، ‎امپورٹر بھی خوش ہوتا ہے کہ میری پچاس ہزار یا لاکھ روپے کی رقم چند ہفتوں یا ایک ماہ کے لیے نہیں پھنستی، کیا اس طرح سیکورٹی ڈپوزٹ کی رقم پر اضافی رقم وصول کرنا جائز ہے ؟
 
جواب
واضح رہےکہ کفالت،ضمانت/گارنٹی ایک عقدِ تبرع ہے، اس پر اجرت لینا جائز نہیں ہے۔
لہذا  صورتِ مسئولہ میں کنٹینرریلیز کیے جانے پرشپنگ کمپنی والوں کو اس کی گارنٹی دینا تو جائز ہے،  لیکن محض اس گارنٹی پر اجرت لینا جائز نہیں ہے،اسی طرح  کلیر ایجنٹ شپنگ کمپنی والوں سے کنٹینر کلئیر  کرانے کے لیے ضمانت کی رقم  امپورٹر کی طرف سے اداکردیں تو یہ  امپورٹر کے ذمہ دین (قرض) ہوگیا، اور قرض کی واپسی پر کسی قسم کا مشروط نفع لینا سود ہے،لہذا سیکیورٹی ڈیپوزٹ کی رقم پر اضافی رقم وصول کرنا  جائز نہیں ہے، البتہ کلیئرنگ ایجنٹس اپنے کمیشن میں اضافہ کرسکتا ہے۔ (رد المحتار على الدر المختار، کتاب البیوع، باب المرابحة و التولیة، فصل في القرض، مطلب: کل قرض جر نفعاً حرام، 166/5، سعید - الفقه الإسلامي و أدلته،  الفصل الرابع : نظریة العقد، الوكالة، الوكالة بأجر،151/4، دارالفکر)