صدقہ فطر کی مقدار
سوال:
صدقہ فطر کی مقدار بتادیجیے ، واضح رہے کہ میرا تعلق کراچی شہر سے ہے ، یہاں کے اعتبار سے صدقہ فطر کی مقدار معلوم کرنا چاہتا ہوں ۔
جواب:
جو شخص صاحب نصاب ہو ، اس پر اپنی طرف سے اور اپنی نابالغ اولاد کی طرف سے صدقہ فطر ادا کرنا واجب ہے ، اور صدقہ فطرکی مقدار نصف صاع (پونے دو کلو گندم)،یا ایک صاع جَو یا ایک صاع کھجور یا ایک صاع کشمش ہے ، ان میں سے جو چیز اپنی حیثیت کے مطابق دینا چاہے دے سکتا ہے ، نیز ان اشیاء کی موجودہ قیمت بھی ادا کی جاسکتی ہے، رمضان المبارک 2023کے پہلے عشرے میں شہر کراچی میں ان اشیاء کی قیمتوں کا حساب لگایا گیا تو گندم کے اعتبار سے صدقہ فطر 250 روپے ، جَو کے اعتبار سے 460،کھجور کے اعتبار سے 1470 اور کشمش کے اعتبار سے 2630 روپے بنتے ہیں، صدقہ فطر کی ادائیگی کے دن جو شخص جس شہر میں موجود ہو وہاں کے اعتبار سے ان اشیاء کی مذکورہ مقدار کی قیمت معلوم کرکے صدقہ فطر کردے ۔