chain کمپنی سے کمانا
سوال:
ایک کمپنی affiliate chain کے نام سےہے، جس میں شروع میں دو سو روپے جمع کروانے پڑتے ہیں ،پھر اس کی یہ شرط ہے کہ آپ دوسرے لوگوں کو بھی اس کمپنی میں شامل کرواؤ تو آپ كو پیسے ملیں گے اور ایک آدمی کو شامل کروانے پر ایک سو چالیس روپے ملتے ہیں اور اگر آپ اس کمپنی کے ایڈز دیکھو گے تو ایک ایڈز کے روزانہ کے دس روپے ملتے ہیں،تو اب پوچھنا یہ ہے کہ کیا اس کمپنی سے آنے والی آمدنی ہمارے ليے حلال ہو گی؟ نیز کسی ایسی کمپنی کا لنک بھی ارسال فرمائیں جس سے آسانی سے بندہ آن لائن پیسے کما سکے۔
جواب:
صورتِ مسئولہ میں مذکورہ کمپنی سے کمائی کرنا شرعا جائز نہیں ہے ، اس میں درج ذیل خرابیاں پائی جاتی ہیں:
1- اس میں ایسے لوگ پراڈکٹ کے اشتہارات کو دیکھتے ہیں جن کاوہ پراڈکٹ لینے کا کوئی ارادہ ہی نہیں، بائع (فروخت کنندہ )کو ایسے دیکھنے والوں کی تعداد میں اضافہ دکھانا جو کہ کسی طرح بھی خریدار نہیں، یہ بیچنے والے کے ساتھ ایک قسم کا دھوکہ ہے۔
2- نیز ایڈ پر کلک ایسی چیز نہیں ہے جس میں منفعت مقصودہ ہے، اس لیے یہ اجارہ صحیح نہیں ہے۔
3- اگر ان اشتہارات میں جان دار کی تصاویر یا خواتین کے تصاویر بھی ہوں تو یہ اس پر مستزاد قباحت ہے؛ کیوں کہ جس طرح جان دار کی تصویر بنانا شرعاً منع ہے، اسی طرح اُس کی ترویج اور تشہیر بھی ممنوع ہے، اسی طرح بہت سے اشتہارات دیگر غیر شرعی امور پر مشتمل ہوتے ہیں؛ لہذا اگر مذکورہ طریقہ کار میں اشتہارات کی تشہیر ہوتی ہے تو یہ گناہ کے کام میں معاونت ہے؛ اس لیے ایسی کمائی جائز نہ ہوگی۔
4- نیز اگر اس ویب سائٹ میں پہلے اکاؤنٹ بنانے والے کوہر نئے اکاؤنٹ بنانے والے پر بھی کمیشن ملتا رہتا ہےتویہ صحیح ہے، لیکن یہ لوگ جب آگے دوسرے لوگوں کا اکاؤنٹ بناتے ہیں تو اس پر ملنے والا کمیشن درست نہیں، اس لیے کہ اس پہلے اکاؤنٹ بنانے والے شخص نے دوسرے لوگوں کے نئےاکاؤنٹ بنوانے میں کوئی عمل نہیں کیا ، اس بلا عمل کمیشن لینے کا معاہدہ کرنا اور اس پر اجرت لینا بھی جائز نہیں۔ شریعت میں بلا محنت کی کمائی کی حوصلہ شکنی کی گئی ہے اور اپنی محنت کی کمائی حاصل کرنے کی ترغیب ہے اور اپنے ہاتھ کی کمائی کو افضل کمائی قراردیا ہے ۔یہ اوران جیسے مزید مسائل کے لیے ملاحظہ کیجیے:www.banuri.edu.pk