عام موزوں پر مسح کرکے نماز ادا کرنا
سوال:
سردی کے ان ایام میں بعض جگہوں پر ہم نے دیکھا ہے کہ لوگ عام جو دھاگے سے بنے موزے ہوتے ہیں ،جو سردی سے بچاؤکے لیے پہنتے ہیں ، ان موزوں پر مسح کررہے ہوتے ہیں ، اور اسی طرح وضو کرکے وہ نماز بھی ادا کرتے ہیں، تو کیا یہ جو عام موزے ہم پہنتے ہیں ان پر مسح کرسکتے ہیں؟اس سے وضوہوجائے گا اور نماز درست ہوگی یانہیں ؟
جواب:
عام پہننے کے سوتی یا اونی موزوں میں چوں کہ شرعی شرائط نہیں پائی جاتی ،اس لیے ان موزوں پر مسح کرنا جائز نہیں ہے ، وضوکرتے ہوئے انہیں اتار کر پاؤں دھونالازم ہے، اگر کوئی شخص وضو کرتے ہوئے انہی سوتی موزوں پر مسح کرکے پاؤں دھوئے بغیر نماز ادا کرے گا تو اس کی نماز درست نہیں ہوگی ، ایسی نماز کا اعادہ کرنا لازم ہوگا۔