ملازمین کو میڈکل انشورنس کی سہولت دینا
سوال:
کمپنی کی جانب سے دفتر کے ملازمین کو میڈیکل انشورنس دینا شرعی طور پر جائز ہے یا نہیں؟ اگر جائز ہے تو کس صورت میں اور کس کمپنی سے؟
جواب:
کمپنی کا اپنے ملازمین کو میڈیکل کی سہولت دینا تو جائز ہے، یہ ملازمین کے ساتھ تعاون ہونے کی وجہ سے ثواب ہے، لیکن ملازمین کو میڈیکل کی سہولت دینے کے لیے انشورنس کمپنی سے انشورنس اسکیم لیناناجائز اور حرام ہے، یہ ملازمين كی دنياوی ضرورت پوری کرنے کے لیے اپنی آخرت خراب کرنے کے مترادف ہے؛ اس لیے کہ انشورنش کی مروجہ تمام پالیسیاں جوئے، سود، جہالت اور غرر کا مجموعہ ہونے کی وجہ سے ناجائز اور حرام ہیں، لہذا کسی بھی قسم کا انشورنس کرنا اور کرانا يا کسی بھی انشورنس کمپنی کا ممبر بننا شرعاً ناجائز اور حرام ہے۔
اگر کمپنی ملازمین کو میڈیکل کی سہولت دینا چاہتی ہے تو اپنی طرف سے حسب ِ استطاعت تعاون کرسکتی ہے یا کسی جگہ پر جائز طریقہ سے سرمایہ کاری کرکے اس کے نفع سے یہ ضرورت پوری کی جاسکتی ہے۔