ناچ گانا والی مجالس میں شرکت کا حکم
سوال:۔
اگر کسی گھر میں شادی ہورہی ہو اور اس میں گانا بجانا اور ڈانس بھی چل رہا ہو ،تو ایسے گھر کی شادی میں جاکر کھانا کھانا کیسا ہے؟
جواب :۔
شادی بیاہ، نکاح اور دعوت کی وہ مجالس جس میں ناچ گانا، لہو ولعب یا دیگر غیرشرعی امور ہوں اگر پہلے سے یہ بات معلوم ہو کہ تقریب میں غیر شرعی امور کا ارتکاب ہوگا تو اس تقریب میں شرکت کرنا جائز نہیں ، البتہ اگر مدعو شخص کوئی عالم و مقتدا ہو اور اسے غالب گمان ہو کہ وہ اس تقریب میں جاکر گناہ کے کاموں کو روک سکتا ہے تو اسے جانا چاہیے، تاکہ دعوت قبول کرنے کی سنت ادا ہوجائے اور اس کی وجہ سے دوسرے لوگ گناہ سے بھی بچ جائیں۔
اور اگر پہلے سے معلوم نہ ہو کہ اس مجلس میں کسی گناہ کا ارتکاب ہورہا ہے، لیکن اندر جانے سے پہلے معلوم ہوجائے تو اس مجلس میں شرکت نہ کرے، واپس لوٹ آئے، البتہ اگر اندر جاکر گناہ کو روکنے کی استطاعت رکھتا ہو تو اندر جاکر اس گناہ کو روکے۔
اور اگر اندر داخل ہونے کے بعد گناہ کے ارتکاب کا علم ہو اور اس گناہ کو روکنےکی قدرت بھی نہ ہو اور یہ شخص عالم و مقتدا ہو تو وہ وہاں نہ بیٹھے، بلکہ اٹھ کر واپس چلا جائے، کیوں کہ اس کے وہاں بیٹھنے میں علم اور دین کی اہانت اور توہین ہے، البتہ اگر مدعو شخص عام آدمی ہو اور معصیت کی جگہ سے ہٹ کر کسی کونے میں بیٹھ کر کھانا کھا سکتا ہو تو وہاں بیٹھ کر کھانا کھانے کی گنجائش ہے، لیکن اُٹھ کر چلے جانا بہتر ہے، تا کہ کسی بھی درجہ میں گناہ میں مبتلانہ ہو۔