وین گارڈ ایپلیکشن کا حکم
سوال:۔
وین گارڈ (vanguard) کے نام سے ایک ایپلیکشن ہے،اس پروگرام کو جوائن کرنے سے پہلے آدمی (100) ڈالر جمع کرتاہے ،لیکن (100) ڈالر ضروری نہیں، بلکہ (70) یا (60) بھی جمع کیا جاسکتاہے، جب یہ پروگرام جوائن ہوجائے تو کمپنی کی طرف سے ہر دن (40) چیزیں مثلا قلم، کتاب،کرسی،ٹیبل وغیرہ بھیجی جاتی ہیں اور کبھی کبھی جاندار کی تصویریں بھی آجاتی ہیں، پھر آدمی ان چیزوں میں سے جتنی چیزیں شیئر کرے گا اس کو ان چیزوں کامنافع ملے گا، مثلا دو یا تین چیزیں شیئر کرے گا تو اس کو دو یا تین چیزوں کا منافع ملے گا، اور اگر شیئر نہ کرےتو منافع نہیں ملے گا، یہ منافع اس کے اکاؤنٹ میں جمع ہوں گے ، (100)ڈالرجمع کرنے کے بعدآدمی نہیں نکال سکتاہے اور اس پروگرام میں ابھی تک کسی کا نقصان نہیں ہوا ہے، جب یہ آدمی دوسروں کو دعوت دے گا اور دوست بنائےگا تو ہر ہفتہ (60) ڈالر منافع ملے گا،یہ معلوم نہیں کہ یہ (100)ڈالر قرض کے طور پر ہے یاضمانت یا شرکت؟ تو کیا اس طرح کاروبار کرنا درست ہے؟
جواب:۔
اس طریقۂ کار پرپیسے کمانا ناجائز ہے، کیوں کہ ایسے لوگ اشتہارات کو دیکھتے ہیں جن کایہ چیزیں لینے کا کوئی ارادہ ہی نہیں ۔ اس عمل سے مقصود دیکھنے والوں کی تعداد میں اضافہ دکھانا ہوتا ہے جس سے لوگوں کو خریداری کی ترغیب ہوتی ہے جو کہ ایک قسم کا دھوکا ہے،نئے ممبربنانے پر کمیشن ملتا رہتا ہے جب کہ اس نے ممبر بنانے پرکوئی ایسا معتد بہ عمل نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے اس کے لیے کمیشن لینا جائز ہوجائے، جان دار کی تصویر کسی بھی طرح کی ہو اسے شیئر کرنے پر جو اجرت لی جائے گی وہ جائز نہ ہوگی۔