خواب میں میت کا کہنا کہ مجھے نکالو
سوال:
ایک عجیب سا مسئلہ دیکھنے میں آیا ہے، ہمارے پڑوس میں ایک خاتون کا انتقال ہوگیا،خاتون شادی شدہ تھی اور وفات کے وقت حمل سے تھی،حمل چھ سات ماہ کا تھا،خاتون وفات سے پہلے ہسپتال میں تھی، وہاں طبیعت زیادہ خراب ہونے پر دوسرے ہسپتال منتقل کردی گئی، مگر جانبر نہ ہوسکی، وفات کے بعد گھر لائی گئی اور اس کے اقارب نے غسل وکفن کے بعد مقامی قبرستان میں اس کی تدفین کردی۔اب اس کی والدہ نے خواب دیکھا کہ اس کی فوت شدہ بیٹی کہہ رہی ہے کہ اس کا بچہ ہوا ہے اور وہ زندہ ہے ،اس لیے اسے اوربچے کو نکال دیاجائے، مقامی امام صاحب سے پوچھا گیا تو انہوں نے کچھ وقت جواب کے لیے مانگا اورپھر منع کردیاکہ ایسا ہرگز نہ کیاجائے، اس خواب کی وجہ سے طبیعت پر اثر ہے کہ کہیں خاتون اور بچہ زندہ ہوں ، مگر انہیں نہ نکالا گیا ہو،سوچتا ہوں تو سخت پریشان ہوجاتا ہوں۔
جواب:
اللہ پاک فقہاء کرام کو جزائے خیر نصیب فرمائے کہ پیش آمدہ واقعات کے علاوہ بعض عجیب خوابوں کے احکام بھی فرمان گئے ہیں،فتاوی کی مشہورکتاب "فتاوی ہندیہ" میں ہے کہ ایک عورت کے حمل کو سات مہینے ہوئے اور بچہ اس کے پیٹ میں حرکت کرتا تھا ،پھر وہ عورت مرگئی اور اسے دفن بھی کردیاگیا ، پھر کسی نے اسے خواب میں دیکھا کہ وہ کہہ رہی ہے کہ میں نے بچہ جنا ہے تو اس کی قبر نہیں کھودی جائے گی۔ (۵/۳۵۱ سولہواں باب زیارت قبور کے بیان میں، ط:نورانی کتب خانہ ،پشاور) اس سے معلوم ہوا کہ امام صاحب نے درست مسئلہ بتایا تھا اور مرحومہ کے اہل خانہ نے بھی خواب کے مطابق عمل نہ کرکے درست کیا تھا، اب آپ کو بھی اس سلسلے میں پریشان نہیں ہونا چاہیے۔