بچوں کو طلسمی موتی پہنانا



سوال :
ہمارے ہاں ایک  طلسمی موتی کے نام پر اسٹیل یا سلور کی دھات کا موتی ملتا ہے جس  کی شکل و ہیئت گندم کے دانے کی سی ہوتی ہے۔   اس کا فائدہ یہ بتایا جاتا ہے کہ اسے بچہ کو پہنانے سے  دانت بسہولت   نکل  آتے ہیں اس  طلسم کے ریپر پر لکھا ہوتا ہے کہ " یہ جادو ہے نا دوا  ،بس ایک طلسم ہے جس سے بچوں کے دانت بسہولت آجاتے ہیں ،یہاں تک  کہ ماں باپ کو پتہ بھی نہیں چلتا " کیا شرعا اس کا پہنانا جائز ہے ؟( پروین ، لاہور) 
 
جواب:
تجربے اورمشاہدے سے اگر ثابت ہوکہ کوئی چیز بچے کو پہنانے سے دانت بسہولت نکل آتے ہیں تو تدبیر کے طورپر اس چیز کے پہنانے میں حرج نہیں ہے مگر ایسا موتی جو اسٹیل یا سلور کا ہووہ چھوٹے لڑکوں کو پہنانادرست نہیں ہے کیونکہ حکم یہ ہے کہ  جو دھات بالغ کے لیے خودپہننا جائز نہیں وہ نابالغ کو پہنانا بھی جائز نہیں ۔ دانت سہولت سے نکلیں اس  کےلیے اورتدبیریں اختیار کی جاسکتی ہیں اس لیے پہنانا کوئی مجبوری بھی نہیں ہے البتہ چھوٹی بچیوں  کوایسا موتی پہنانے میں حرج معلوم نہیں ہوتا کیونکہ انہیں  اسٹیل یا  سلور پہنانے کی  ممانعت نہیں ہے۔مذکورہ موتی کے ریپر پر جو کچھ لکھا ہوتا ہے اسے اتاردینا چاہیے  تاکہ فساد عقیدہ کا اندیشہ بھی نہ رہے۔