مہنگے داموں قبر کی جگہ خریدنا بیچنا



سوال :
میرا سوال یہ ہے کہ  آج قبرستانوں میں   قبروں کے لیے جگہ بالکل  کم ہوتی ہے،  زبردستی تھوڑی بہت جگہ دے دیتے ہیں  وہ بھی  بہت مہنگے داموں دی جاتی ہے ، کیا تدفین کے لیے اس طرح مہنگے داموں خریدنا بیچنا جائز ہے یا نہیں ؟ 
 
جواب :
اگر قبرستان کی زمین وقف ہو تو ایسے قبرستان میں قبروں کو پیسے لے کر فروخت کرنا جائز ہی نہیں ہے، اس لیے کہ موقوفہ قبرستان مفادِ عامہ کے لیے ہوتاہے، اس کی خرید و فروخت جائز نہیں ہوتی، ہاں اگر میت کے لواحقین خریدنے پر مجبور ہوں تو وہ گناہ گار نہیں ہوں گے، لیکن بیچنے والے گناہ گار ہوں گے۔ 
اور اگر قبرستان موقوفہ نہیں ہے، بلکہ شخصی ملکیت ہے تو اس میں قبر کی زمین کی خرید و فروخت جائز ہے، تاہم کسی کی مجبوری سے فائدہ اُٹھا کر اسے بہت مہنگے داموں فروخت کرنا مکروہ ہے۔
 باقی موقوفہ اور مملوکہ دونوں قسم کے قبرستان میں قبر کی کھدائی اور تیاری کے لیے گورکن معروف اجرت لے سکتاہے۔