والدین کا بچوں کی کھانے پینے کی اشیاء استعمال کرنا



سوال:
بچوں کو مختلف  تقریبات میں کھانے پینے کی اشیاء ملتی ہیں ،کیا  بچوں کےوالدین ایسی اشیاء خود استعمال کرسکتے ہیں ؟
 
جواب :
کھانے پینے کی کوئی چیز بچے کو کوئی ہدیہ دے  تو اس کے والدین کے لیے اس کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے، اگر اس چیز کے ضائع ہونے کا اندیشہ ہو تو قیمت دے کر کھالیں یا کسی اور کو دے دیں، یا یہ صورت اختیار کی جائے کہ ابھی اس چیز کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے یا بچے کی تربیت کرنے کے لیے اس کے ساتھ کھالیں، تاکہ بچہ تنہا کھانے کا عادی نہ ہو، اور اس کے دل میں دوسروں کو کھلانے  کا جذبہ پیدا ہو،  اور بعد میں جب بچے کو کوئی چیز یا رقم دیں تو اس میں سابقہ استعمال کردہ چیز کے عوض کی نیت کرلیں۔ اسی طرح اگر  والدین اس چیز کا استعمال بچے کے لیے نقصان دہ سمجھیں تو انہیں اس کی اجازت ہے کہ بچے کو وہ چیز استعمال کرنے کے لیے نہ دیں، اور اپنی طرف سے بعد میں کوئی چیز دیتے ہوئے اس کے بدل کی نیت کرلیں۔