معذوراورمریض کے نماز پڑھنے کا طریقہ



سوال:۔میری دادی  کی عمر بہت ہے۔اسی سال سے اوپر ہے۔جب ٹھیک تھیں تو کوئی نماز نہیں چھوڑتی تھی۔اب کافی عرصہ سے بسترپر ہیں ۔وہ بستر پر نماز کس طرح پڑھے؟
 
جواب:۔اگر  کھڑے ہوکر  یا بیٹھ کرنماز نہیں پڑھ سکتی ہیں یا  کھڑے کھڑے یا بیٹھے بیٹھے پڑھ سکتی ہیں مگر ناقابل برداشت تکلیف ہوتی ہے یا تکلیف تو نہیں ہوتی ہے مگربیماری لگ جانے کا خطرہ ہے یا صحت ہونے میں دیر ہونے کا اندیشہ ہے تو لیٹ کر اشارے سےنماز پڑھے۔بہتر یہ ہے کہ  کمر کے بل لیٹے اوراپنے دونوں پاؤں قبلے کی طرف پھیلائے۔ہمارے ملک میں چونکہ قبلہ مغرب کی طرف ہے ،اس لیے مشرق کی طرف  سراور  مغرب کی طرف پاؤں  رکھے۔اگر ہمت  اور کچھ طاقت ہوتو گھٹنوں  کو کھڑا کردے اورپاؤں قبلے کی طرف نہ پھیلائے لیکن  طاقت نہ ہوتو پھر قبلے کی جانب  پھیلانے میں بھی کوئی حرج نہیں ہے۔سر کے نیچے تکیہ رکھے تاکہ سر کچھ اونچا ہوجائے اوربجائے آسمان کے قبلے کی طرف ہوجائے ۔اگر چت لیٹنا مشکل ہو تو  تو دائیں یا بائیں کروٹ  پر لیٹ جائے اور منہ قبلے کی طرف کرکے اشارے سے رکوع اورسجدہ کرے۔چت لیٹنا کروٹ پر لیٹنے سے افضل ہے اور بائیں کروٹ  کے مقابلے میں دائیں کروٹ پر لیٹنازیادہ اچھا ہے لیکن جائز دونوں طرح ہے۔نماز کا یہی طریقہ ان مریضوں کے لیے بھی ہے جوعمررسیدہ تو نہیں ہیں مگر بیماری کی وجہ سے کھڑے ہو کر یابیٹھ کر نماز نہیں پڑھ سکتے ہیں۔