اجتماعی قربانی والوں کا اپنامحنتانہ وصول کرنا
سوال:۔ ہم ہر سال اجتماعی قربانی کرتے ہیں ۔پہلے ہم خود جانور خرید لیتے تھے اور پھر حصہ داروں کو حصص فروخت کردیتے تھے جس میں معمولی مقدار میں ہمارا حق الخدمت بھی شامل ہوتا تھا۔اگرجانور ہمارے پاس موجود نہ ہوتا توہم حصہ فروخت نہیں کرتے تھے تاکہ قبضہ سے پہلے فروخت کی قباحت لازم نہ آئے مگر پچھلے سال ہمارے کچھ جانور چوری ہوگئے اور ایک جانور مرگیا جس سے ہمیں کافی نقصان ہوا اس لیے اس سال ہم نے اپنے جانور نہیں خریدے ہیں بلکہ لوگوں کی طرف سے جانور خریدے ہیں تاکہ کسی آفت چوری وغیرہ کی وجہ سے ہمیں پھر سے اس طرح نقصان نہ ہو۔دریافت طلب امر یہ ہے کہ قربانی کی خدمت انجام دینے کے لیے ہمارے پاس رضاکار بہت کم ہیں جس کی وجہ سے ہمیں اجرت پر لوگ رکھنے پڑتے ہیں تو کیا اس صورت میں ہم ان اخراجات کی مد میں کوئی زائد رقم وصول کرسکتے ہیں ؟صبیح احمد
جواب:۔آپ وکالت کے طور پر لوگوں کے لیے جانور خرید لیا کریں اور قربانی کے نظم پرجو اخراجات آتے ہیں وہ اپنے محنتانہ کی شکل میں لوگوں سے وصول کرلیاکریں یا پھرمحنتانہ الگ سے طے کرکے متوقع اخراجات لوگوں سے پہلے وصول کرلیا کریں۔پہلی صورت میں محنتانہ پہلے سے طے کرناضروری ہے اور دوسری صورت میں اگراخراجات کی مد میں لی گئی رقم میں سے کچھ بچ گئی تو وہ لوگوں کو واپس کرنا ضروری ہے۔