قربانی کس پر واجب ہے؟
سوال:۔اس عید میں قربانی کرنا چاہ رہا ہوں ،مگر بیوی کا خیال ہے کہ تنگی ہوجائے گی،آپ سے پوچھنا ہے کہ قربانی کب واجب ہوتی ہے؟
جواب :۔قربانی عاقل مسلمان پر واجب ہے،مجنون پرنہیں، بالغ پر واجب ہے،نابالغ پر نہیں ، مقیم پر واجب ہے،مسافر پرنہیں ۔ایسے شخص پرواجب جو مسلمان ،عاقل ،بالغ اورمقیم ہونے کے علاوہ نصاب کا بھی مالک ہو۔نصاب سے مراد یہ ہے کہ جس کی ملکیت میں قربانی کے تین دنوں میں سےکسی ایک دن ضروریات کا خرچہ اورقرضہ نکالنے کے بعد ساڑھے سات تولہ سونا ہو، یا ساڑھے باون تولہ چاندی ہو، یا ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے برابر رقم ہو، یاساڑھے باون چاندی کی مالیت کے برابر تجارت کا سامان ہو، یا ضرورت سے زائد اتنا سامان ہو جس کی مالیت ساڑھے باون تولہ چاندی کے برابر ہو، یا ان میں سے کوئی ایک دو چیزیں ہوں کہ جن کی مالیت کو جمع کریں تو ساڑھے باون تولہ چاندی اس سے خریدی جاسکتی ہو۔اگر اس تفصیل کے مطابق کسی کے پاس بڑی عید کے دنوں میں اتنا مال آجائے تو وہ صاحب نصاب ہے اور اس پر قربانی واجب ہے۔