تلاوت کرتے وقت صرف ہونٹ ہلانا
سوال :۔میں قرآن مجید آواز بلند کر کے نہیں پڑھتا، صرف ہونٹ اور زبان ہلاتا ہوں،دفتر اور بس وغیرہ میں موبائل پڑھتا ہوں تاکہ کسی کو نہیں پتا چلے۔کیا یہ صحیح ہے۔؟
جواب :۔قرآنِ کریم کو جہراً (اونچی آواز سے) پڑھنا افضل ہے بشرطیکہ کسی کی عبادت یا آرام وغیرہ میں خلل نہ ہو۔ اگر کسی کی عبادت یا آرام وغیرہ میں خلل پڑنے کا اندیشہ ہو تو پھر سری (ہلکی آواز سے) تلاوت کرنی چاہیے، لیکن سری تلاوت کی کم از کم حد یہ ہے کہ تلاوت کرنے والا قرآنِ پاک کے حروف اور الفاظ کا باقاعدہ اپنی زبان سے تلفظ اور ادائیگی کرے، اس طرح پر کہ خود اپنی آواز سن سکے، زبان سے حروف اور الفاظ کا باقاعدہ تلفظ کیے بغیر صرف دل ہی دل میں تلاوت کرنا تلاوت کا تصور ہے تلاوت نہیں۔ لہٰذا اگر آپ اتنی ہلکی آواز سے تلاوت کر تے ہیں کہ ہونٹ اور زبان ہل رہی ہو اور فی الجملہ اپنی آواز سن سکتے ہوں تو یہ درست ہے لیکن اس طرح تلاوت نہ کریں کہ الفاظ کے تلفظ کے بغیر صرف دل ہی دل میں تلاوت کرکے ہونٹ ہلائیں جائیں جس سے آواز پیدا نہ ہو۔باقی تلاوت کو لوگوں سے چھپانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ جب سب لوگ اللہ کی یاد سے غافل ہوں تو اس غفلت کے ماحول میں تلاوت کرکے اللہ پاک کو یاد کرنا بڑی فضیلت کا باعث ہے اور لوگوں کو ترغیب دینے کے لیے اس موقع پر تلاوت کا اظہار نیکی ہے۔حقیقت میں ایسےماحول میں جب کوئی اور اللہ کو یا د نہ کررہا ہو اورصرف آپ کررہے تو اس پوری ماحول میں آپ ہی اللہ تعالی کی نظر میں زندہ اور باقی سب لوگ مردہ ہوتے ہیں۔