دورکعت کی نماز میں قعدہ چھوڑکر کھڑا ہونا
سوال :۔دو رکعت نمازِ میں دوسری رکعت میں بیٹھنے کی جگہ کھڑا ہو گیا تو باقی نماز کیسے ادا کروں گا؟
جواب :۔صورتِ مسئولہ میں اگر کوئی شخص دو رکعت والی نماز میں دوسری رکعت کے قعدہ میں بیٹھا تھا اور اس کے بعد تیسری رکعت کے لیے غلطی سے کھڑا ہوگیا تو جب تک وہ تیسری رکعت کا سجدہ نہ کرلے قعدہ کی طرف واپس لوٹ آئے اور سجدہ سہو کرکے نماز مکمل کرلے، اور اگرتیسری رکعت کا سجدہ کرلیا ہو تو اب اس کے ساتھ چوتھی رکعت بھی ملادے اور آخر میں سجدہ سہو کرلینے سے نماز ہوجائے گی، دو رکعت فرض اور دو نفل ہوجائے گی۔
اور اگر مذکورہ شخص نے دوسری رکعت پر قعدہ نہیں کیا تھا اور اس کے بعد تیسری رکعت کے لیے کھڑا ہوگیا تو تیسری رکعت کے سجدہ سے پہلے پہلے واپس قعدہ میں آجائے، اور سجدہ سہو کرکے نماز مکمل کرلے، اور اگر تیسری رکعت کا سجدہ بھی کرلیا ہو تو اب اس کی فرض نماز باطل ہوگئی، اب اس نماز کا اعادہ کرنا لازم ہے۔