دعائے جمیلہ اورچند درودوں کی حقیقت
سوال :۔امیں پوچھنا چاہتا ہوں کہ دعائے جمیلہ کی کیا حقیقت ہے؟ اور کچھ لوگ کہتے ہیں کہ پندرہ رمضان المبارک کو روزہ افطار کرنے سے پہلے اس دعا کو پڑھ لیں تو تمام درپیش حاجتیں پوری ہو جاتی ہیں؟یہ بات کتنی حقیقت پر مبنی ہے؟ ئے مہربانی فرماکر تفصیل سے جواب دیں۔ شکریہ
جواب :۔دعائے جمیلہ کے نام سے جو دعا نقل کی جاتی ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے منقول نہیں، اور اس کی فضیلت من گھڑت ہے، لہذا اس کی فضیلت کو سچا ماننا درست نہیں ۔’’آپ کے مسائل اور ان کا حل‘‘ سے اس موضوع پر سوال اوروجواب نقل کیا جاتا ہے:
س… میں نے اربعین نووی پڑھی جس کے صفحہ:۱۶۸ پر دُعائے گنج العرش، دُرود لکھی، عہدنامہ، وغیرہ کے متعلق شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔ میں چند دُعاوٴں کو آپ کی رائے شریف کی روشنی میں دیکھنا چاہتا ہوں، ان دُعاوٴں کے شروع میں جو فضیلت لکھی ہوئی ہے، اس سے آپ بخوبی واقف ہوں گے، زیادہ ہی فضیلت ہے جو تحریر نہیں کی جاسکتی، کیا یہ لوگوں نے خود تو نہیں بنائیں؟
آپ صرف یہ جواب دیں ان میں سے کون سی دُعا قرآن و حدیث سے ثابت ہے اور کون سی نہیں؟ اگر ثابت ہے تو جو شروع میں فضیلتیں قرآن و حدیث سے ثابت ہیں؟ اگر نہیں تو کیا ہم کو ان دُعاوٴں کو پڑھنا چاہئے یا کہ نہیں؟ کیا یہ دُشمنانِ اسلام کی سازش تو نہیں؟
دُعائیں مندرجہ ذیل ہیں:
۱:-وصیت نامہ۔ ۲:- دُرود ماہی۔ ۳:- دُرود لکھی۔
۴:-دعائے گنج العرش۔ ۵:-دُعائے جمیلہ۔ ۶:-دُعائے عکاشہ۔
۷:- عہدنامہ۔ ۸:- دُرود تاج۔ ۹:- دُعائے مستجاب۔
ج… ”وصیت نامہ“ کے نام سے جو تحریر چھپتی اور تقسیم ہوتی ہے،وہ تو خالص جھوٹ ہے، اور یہ جھوٹ تقریباً ایک صدی سے برابر پھیلایا جارہا ہے، اسی طرح آج کل”معجزہ زینب علیہا السلام“ اور ”بی بی سیّدہ کی کہانی“ بھی سو جھوٹ گھڑ کر پھیلائی جارہی ہے۔
دیگر دُردو و دُعائیں جو آپ نے لکھی ہیں، وہ کسی حدیث میں تو وارِد نہیں، نہ ان کی کوئی فضیلت ہی احادیث میں ذکر کی گئی ہے، جو فضائل ان کے شروع میں درج کئے گئے ہیں، ان کو صحیح سمجھنا ہرگز جائز نہیں، کیونکہ یہ خالص جھوٹ ہے، اور جھوٹی بات آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف منسوب کرنا وبالِ عظیم ہے۔ جہاں تک الفاظ کا تعلق ہے، یہ بات تو قطعی ہے کہ یہ الفاظ خدا اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمودہ نہیں، بلکہ کسی شخص نے محنت و ذہانت سے ان کو خود تصنیف کرلیا ہے، ان میں سے بعض الفاظ فی الجملہ صحیح ہیں، اور قرآن و حدیث کے الفاظ سے مشابہ ہیں، اور بعض الفاظ قواعدِ شرعیہ کے لحاظ سے صحیح بھی نہیں، خدا اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات تو کیا ہوتے!
یہ کہنا مشکل ہے کہ ان دُعاوٴں اور دُرود کا رواج کیسے ہوا؟ کسی سازش کے تحت یہ سب کچھ ہوا ہے یا کتابوں کے ناشروں نے مسلمانوں کی بے علمی سے فائدہ اُٹھایا ہے؟ ہمارے اکابرین ان دُعاوٴں کے بجائے قرآنِ کریم اور حدیثِ نبوی کے منقول الفاظ کو بہتر سمجھتے ہیں، اور اپنے متعلقین اور احباب کو ان چیزوں کے پڑھنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ( ٣ / ٥١٥، ط: مکتبہ لدھیانوی)۔ فقط واللہ اعلم