ڈاکٹروں کا سیمپل کی دوائیاں فروخت کرنا
سوال:۔ ڈاکٹرحضرات کو دوا ساز کمپنیوں سے جو گولیاں اور دوائیاں سیمپل کے طور پر ملتی ہیں ان کی خرید وفروخت جائز ہے؟
جواب:۔جو دوائیاں ڈاکٹر حضرات کو بطور ملکیت کے دی جاتی ہیں ،وہ ڈاکٹروں کی ملکیت ہیں جو چاہے کریں اور انہیں فروخت کرنا چاہیں تو فروخت بھی کرسکتے ہیں ،اگر چہ ان پر(Not for sale) لکھا ہوا ہو کیونکہ جب ڈاکٹر مالک ہوگئے تو ملکیت کی رو سے اپنی مملوکہ شے میں ہر قسم کے تصرف کے مجاز ہوگئے۔اس صورت میں مریضوں کو دینے کے بارے میں کمپنی کی ہدایت کو محض مشورہ قراردیاجائے گا۔اگر ڈاکٹرحضرات کو مالک نہ بنایا جائے بلکہ مریضوں تک پہنچانے کے لئے وکیل بنایا جائے تو ایسی صورت میں دوائیاں ان کے ہاتھ میں امانت ہیں اورمریضوں تک ان کاپہنچانا ضروری ہے اور انہیں فروخت کرنا جائز نہیں ہے۔