کینہ کیا ہے؟
سوال :۔کینہ کیاہے؟اکثر ہم سنتے ہیں کہ کینہ نہیں رکھناچاہیے یا فلاں شخص دل میں کینہ رکھتا ہے؟
جواب:۔کینہ کے بارے میں حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: کینہ وہ ہے جو اختیار وقصد سے کسی کی برائی اور بد خواہی دل میں رکھی جائے اور اس کو ایذاء پہنچانے کی تدبیر بھی کرے۔ (انفاس عیسی ص: ۱۷۴)حضرت تھانوی علیہ الرحمہ کی تعلیم الدین نامی کتاب میں ہے کہ کینہ: جس کو عربی میں حقد کہتے ہیں اس کی حقیقت یہ ارشاد فرمائی گئی ہے کہ جب کسی آدمی کو غصہ میں اپنے دشمن سے بدلہ لینے کی قدرت نہیں ہوتی تو اس کے ضبط کرنے سے اس شخص کی طرف سے دل میں ایک قسم کی گرانی ہو جاتی ہے اس کو حقد یعنی کینہ کہتے ہیں بس اس کا علاج یہ ہے کہ اس شخص کا قصور معاف کر کے اس سے میل جول وتعلقات شروع کرے گو تکلیف سہی چند روزمیں کینہ دل سے نکل جائے گا (تعلیم الدین از مولانا تھانوی رحمہ اللہ ص:۵۸)