ناپاک کپڑے واشنگ مشین میں دھونا
سوال:۔ہم ناپاک کپڑے بھی واشنگ مشین میں ڈال دیتے ہیں کیا وہ پاک ہوجاتے ہیں یا پاک کپڑوں کو بھی ناپاک کردیتے ہیں؟
واضح رہے کہ ناپاک کپڑے دھونے کا اصل طریقہ تو یہ ہے کہ انہیں تین مرتبہ دھویا جائے اور ہر مرتبہ اچھی طرح (حتی الوسع) نچوڑ لیا جائے، لیکن اگر ناپاک کپڑے واشنگ مشین(Washing Machine) میںدھونے ہوں تو اس کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ کپڑے کی ناپاک جگہ کو پہلے الگ سے تین مرتبہ اچھی طرح دھوکر اور نچوڑ کر ، یا ناپاک حصے کو جاری پانی یا کثیر پانی میں دھو کر پاک کرلیاجائے ، پھر تمام پاک کپڑوں کو واشنگ مشین میں دھولیا جائے، اس صورت میں دوبارہ واشنگ مشین میں تین مرتبہ دھونا یا بہت زیادہ پانی بہانا ضروری نہیں ہوگا۔
اور اگر کپڑے کے ناپاک حصہ کو دھوئے بغیر واشنگ مشین میں ڈالا جائے اور کھنگالتے وقت تمام کپڑوں کو تین بار پانی میں ڈال کر نچوڑ لیا جائے یا تمام کپڑوں کو واشنگ مشین میں اچھی طرح دھو لیا جائے، پھر اِسپینر مشین (یعنی مشین کا وہ حصہ جس میں کپڑا ڈال کر گھمانے سے کپڑے اچھی طرح نچوڑ جاتے ہیں، اور کچھ حد تک خشک بھی ہوجاتے ہیں) میں کپڑوں کو ڈال دیا جائے، اور اِسپینر کے اوپر صاف پانی کا پائپ لگاکر اتنی دیر چلایا جائے کہ گندے پانی کی جگہ صاف پانی نیچے پائپ سے آنا شروع ہوجائے، تو یہ کپڑے پاک ہوجائیں گے، ہاتھ سے نچوڑنا ضروری نہیں ہوگا۔
حاشية الطحطاوي على مراقي الفلاح شرح نور الإيضاح (ص: 161)