مصحف شریف میں دیکھ کر تلاوت افضل ہے یا موبائل میں دیکھ کر؟



سوال :۔آج کل موبائل میں قرآن پاک انسٹال ہو جاتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ موبائل پر تلاوت کرنا کیسا ہے؟ قرآن پاک پر تلاوت کرنے اور موبائل پر تلاوت کرنے میں ثواب میں کوئی فرق آئے گا یانہیں؟ 
 
جواب :۔مصحف (قرآنِ پاک ) میں دیکھ کر تلاوت کرنا موبائل میں دیکھ کر تلاوت کرنے کے مقابلے میں زیادہ ثواب کا باعث ہے۔جو عظمت وعقیدت قرآن  کریم ہاتھوں میں لے کرتلاوت کے  وقت ہوتی ہے،مشاہدہ یہ ہے کہ وہ  موبائل  میں  پڑھنے کے وقت پیدا نہیں ہوتی  اور بہت سےآداب کی رعایت قرآن کریم  میں تلاوت کے وقت لازم ہے مگر موبائل  میں دیکھ کر تلاوت کے وقت لازم نہیں ہیں ۔آداب  کی یہ سختی مصحف شریف کی  زیادہ عظمت کی وجہ سے ہے اوراسی وجہ سے ثواب بھی زیادہ ہے کیونکہ  زیادہ سختی میں زیادہ  مشقت ہے اور زیادہ مشقت میں زیادہ ثواب ہے۔