جھوٹا بیان حلفی دے کر حج پر جانا
سوال : میں سعودی عرب میں ایک کمپنی میں بحیثیت ایک جیالوجسٹ کام کرتا ہوں. ہماری کمپنی نے اس سال قرعہ اندازی کے ذریعہ کمپنی ملازمین کو حج پر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے. ایک فارم بھرنے کو دیا گیا جس میں یہ لکھا ہے کہ"میں اللہ کی قسم کہا کر کہتا ہوں کہ میں نے کبھی حج نہیں کیا" مگر کچھ لوگ باوجود اس کے کہ وہ کسی بھی ذریعے سے حج کر چکے ہوں وہ بھی اس کو بھر کر جمع کروا رہے ہیں تو اس غلط بیانی کے بعد ان کے حج کا کیا حکم ہوگا؟
جواب : مذکورہ کمپنی کی جانب سے تیار کردہ حج پالیسی سے فائدہ اٹھانے کے لیے بیانِ حلفی میں غلط بیانی کرنا گناہِ کبیرہ ہے، بلکہ نبی کریم ﷺ کی حدیثِ مبارک کی روشنی میں کبیرہ گناہوں میں بھی ابتدائی بڑے گناہوں میں سے ہے۔ لہٰذا جھوٹ و دروغ گوئی کرکے اور اللہ پاک کے عظیم نام کی جھوٹی قسم اٹھا کرکمپنی کی طرف سے حج پر جانا جائز نہیں۔ اگر کوئی اس حلفیہ دروغ گوئی کے بعد حج پر چلا گیا اور ارکان سب اداکرلیے توحج ادا ہوجائے گا کیونکہ ادائیگی کا تعلق ارکان کی ادائیگی سے ہے البتہ جھوٹے بیان حلفی کا وبال ان کی گردن پر رہے گااور ہوسکتا ہے کہ اس گناہ کی نحوست کی وجہ سے ان کاحج اجروثواب کی حیثیت سےشرف قبولیت حاصل نہ کرسکے۔