نماز میں کچھ کھانا



سوال :۔ایک حاملہ خاتون ہے جس کواکثر تھوک آتا ہے یا بہت زیادہ متلی ہوتی رہتی ہے نماز میں ایسازیادہ ہوتا ہے تو کیا منھ میں کچھ ڈال کر نماز پڑھ سکتی ہے مثلاً ٹافی وغیرہ جو بھی شکل ہو ممدلل جواب دیکر ممنون ومشکور ہوں۔
 
زبدۃ الفقہ میں ہے:نماز کے اندر کھانا پینا، مطلقاً نماز کو فاسد کرتا ہے خواہ قصداً ہو یا بھول کر تھوڑا ہو یا زیادہ حتی کہ اگر باہر سے ایک تل منھ میں لیا اور نگل گیا تو نماز فاسد ہو جائے گی یا کوئی پانی وغیرہ کا قطرہ یا برف کا ٹکڑا منھ کے اندر چلا گیا اور وہ اسے نگل گیا تو نماز فاسد ہو جائے گی، نماز شروع کرنے سے پہلے کوئی چیز منھ میں لگی ہوئی تھی اگر وہ چنے کی مقدار سے کم تھی اور اس کو نگل گیا تو نماز فاسد نہیں ہو گی مگر مکروہ ہے اور اگر چنے کے برابر یا زیادہ ہو گی تو نماز فاسد ہو جائے گی اصول یہ ہے کہجس چیز کو کھانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اس سے نماز بھی ٹوٹ جاتی ہے ورنہ نہیں ، کوئی میٹھی چیز نماز سے پہلے کھائی تھی نماز کے اندر اس مٹھاس کا اثر جو منھ میں موجود تھا وہ تھوک کے ساتھ اندر جاتا ہے تو مفسد نہیں اگر مصری یا شکر یا پان وغیرہ منھ میں رکھ لیا چبایا نہیں اور وہ گھل کر حلق میں جاتا ہے تب بھی نماز فاسد ہو جائے گی اگر دانتوں سے خون نکلا اور تھوک میں مل کر حلق میں  گیا اور نگل گیا تو خون کا مزہ حلق میں محسوس ہونے کی صورت میں نماز ٹوٹ جائے گی۔
معلوم ہوا کہ اگر کوئی شخص نماز شروع کرنے سے پہلے  ٹافی وغیرہ منہ میں رکھ لے اور وہ گھل کر حلق میں اترتی رہے تو اس سے بھی نماز فاسد ہو  جاتی ہے۔ فقط واللہ اعلم