قربانی کانصاب
سوال :۔قربانی کا نصاب کیا ہے؟
جواب :۔قربانی کے واجب ہونے کا نصاب وہی ہے جو صدقۂ فطر واجب ہونے کاہے، یعنی جس عاقل،بالغ،مقیم، مسلمانمرد یا عورت کی ملکیت میں عید الاضحیٰ کے تین دنوں میں ( یعنی دس ذوالحجہ کی صبح صادق سے لے کر بارہ ذوالحجہ کا سورج غروب ہونے تک) کسی وقت ساڑھے سات تولہ سونا یا ساڑھے باون تولہ چاندی یاضروریاتِ اصلیہ کے علاوہ اتنی مالیت کا مال (نقدی،سونا،چاندی،مالتجارت وغیرہ کامجموعہ) یا ضرورت سے زائد سامان (مثلا ضرورت سے زائد گھر، زمین،پلاٹ، گاڑی، موبائل، کپڑے، برتن وغیرہ) ہو جس کی قیمت ساڑھے باون تولہ چاندی کے برابر یا اس سے زائد ہو تو ایسے مرد وعورت پر قربانی واجب ہےاور ایسے شخص کے لیے زکوۃ لینا بھی جائز نہیں ہے۔ چاندی کی فی تولہ قیمت آج کل (۴ اگست ۲۰۱۹ )تقریباً ۱۱۱۰ روپے ہے، اس حساب سے چاندی کا نصاب تقریباً اٹھاون ہزار دو سو پچھتر (۵۸۲۷۵ ) روپے بنتا ہے، فی تولہ چاندی کی قیمت اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے اس لیے عید قربان کے دن جو قیمت ہوگی وہی معتبر ہوگی۔حاصل یہ ہے کہ صرف سونا ہو تو ساڑھے سات تولہ ہو۔صرف چاندی ہو تو ساڑھے باون تولہ ہو ۔صرف نقدی ہویاصرف مال تجارت ہویاصرف ضرورت سے زائد سامان ہویاان چیزوں میں سے کوئی دو یا دو سے زیادہ ہوں توساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے برابر ہوں۔فتاوی ہندیہ(۱؍۱۹۱)