واہب کے انتقال کے بعد اس کے ورثاء کا ہبہ منسوخ کرنا



سوال:۔مجھے میرےچچا نے گود لیا پرورش کی ،تعلیم دلائی اور ہر طرح کا خیال رکھا،شادی کے بعدایک جائیداد مجھے ہبہ کی اورقبضہ دیا اور ان کی زندگی ہی میں میں نے اس میں رہائش اختیارکی،اب چچا کے انتقال کے بعد ان کی اولاد مجھ سے اس جائیداد کی واپسی کامطالبہ کررہے ہیں حالانکہ جائیداد میرے زیر قبضہ ہے اور گفٹ ڈیڈ بھی موجود ہے۔کیا میرے چچازاد اس ہبہ کو منسوخ کرسکتے ہیں؟
 
جواب :۔اگر ہبہ کرنے کے بعد جائیداد کی حوالگی سے پہلے واہب یا موہوب لہ میں سے کسی  کاانتقال ہوجائے توہبہ باطل ہوجاتاہے اورموہوبہ  جائیداد ہبہ کرنے والے کے ورثاء کی ملکیت قرارپاتی ہے لیکن موہوبہ جائیداد کا قبضہ دینے کے بعد اگر واہب یا موہوب لہ میں کسی کاانتقال ہوجائے تو ہبہ کی تنسیخ کاحق ختم ہوجاتا ہے کیونکہ تنسیخ کا حق واہب کا ذاتی اورشخصی حق ہوتا ہے  جو واہب کے انتقال کے ساتھ  ہی ختم ہوجاتا ہے۔یہ ایسا حق نہیں ہے جو واہب سے اس کے ورثاء کی طرف منتقل ہوجاتا ہو۔بنابرایں آپ کے چچازاد بھائیوں کا آپ سے مذکورہ جائیداد کی واپسی کا مطالبہ غیر شرعی ہے۔