کیڑوں کی آمیزش والے ماکولات
سوال :۔بعض چیزوں میں کیڑے پڑجاتے ہیں یا کھانے پینے کی چیزوں میں کیڑے گر جاتے ہیں تو اس کاکیا حکم ہے؟سنا ہے کہ کیڑوں سے رنگ بناتے ہیں اور چیزوں میں شامل کرتے ہیں؟یاسمین علی
جواب :۔کیڑے پاک ہیں مگر حلال نہیں ہیں ۔حلال نہ ہونے کا مطلب یہ ہے کہ انہیں کھاناجائز نہیں ہے البتہ چونکہ ناپاک نہیں ہیں اس لیے ان کے گرنے سے کھانے پینے کی اشیاء ناپاک نہیں ہوتیں ،اس اصول کی روسے جس چیز کے اندر کیڑاریزہ ریزہ ہوگیا ہووہ پاک ہے مگر اس کا کھانا جائز نہیں البتہ اس اصول سے ٹڈی مستثنیٰ ہے۔ بڑی دیگ میں اگر مکھی گر جائے تو دیگ ناپاک نہیں ہوتی، مگر مکھی کا کھانا جائز نہیں۔پھلوں کےاندراگر کیڑے پڑگئے ہوں مگر ان میں روح نہ پڑی ہواورانہیں نکالنامشکل ہوتو پھل کی تبعیت میں انہیں کھاناجائز ہے لیکن اگر جان پڑگئی تو انہیں کھاناجائز نہیں ہے۔ جس پروڈکٹ میں کارمائن(کیڑے سے حاصل کردہ تیز سرخ رنگ) شامل ہواس کاخوردنی استعمال جائز نہ ہوگا البتہ بیرونی بدن پر اس کااستعمال جائز ہے۔