مرض الموت میں کیاہواہبہ مسنوخ کیاجاسکتا ہے



سوال:۔ایک اختلافی مسئلے کے متعلق آپ کی تصدیق درکار ہے۔میرے ماموں کو تقریبا سال بھر پہلے ایک موذی مرض کینسر کی تشخیص ہوئی،ماموں نے علاج ومعالجہ کرایا اور اپنی کچھ رقم خیرات کی اوراپنی ایک بلڈنگ اپنے بیٹے کے نام کردی اوراسے کرایہ وصول کرنے کاکہہ دیا،پھرصحت میں بہتری ہوئی تو ماموں کی نیت بدل گئی اورانہوں نے بلڈنگ واپس لے لی مگر اللہ تعالی کا کرنا ایسا ہوا ہے صحت میں جو بہتری آئی تھی وہ وقتی تھی اور مرض شروع ہونے کے پانچ چھ ماہ بعد ان کاانتقال ہوگیا۔انتقال کے بعد میرے ماموں زاد کاکہنا ہے کہ بلڈنگ اس کی ہے،ہم نے ایک صاحب سے دریافت کیا تو انہوں نے جواب دیا کہ باپ اگر بیٹے کو یا بیٹا باپ کو کچھ دے تو پھر واپس نہیں لے سکتے ہیں۔اب یہ مسئلہ اختلافی ہوچکا ہے ۔ایک طرف دوسرے وارث ہیں اور ایک طرف بیٹا ہے جوخود بھی بلڈنگ رکھنا چاہتا ہے ۔مجھے اس سلسلے کی میٹنگوں میں بیٹھنے کا موقع ملتا ہے،آپ بتائیں کہ شرعی فیصلہ کیا ہے۔عثمان احمد،کراچی
 
جواب:۔یہ بات اصولی طورپر درست ہے کہ باپ اگر بیٹے کو کچھ دے یا بیٹااپنے باپ کوکچھ دے تو شےحوالہ کردینے کے بعد اسے واپس نہیں لیاجاسکتا۔شریعت کا یہ اصول صرف باپ بیٹے تک محدود نہیں ہے بلکہ جو عطیہ یا تحفہ بھی کسی ایسے قریبی رشتہ دار کودیا جائے جس  سے خون کا رشتہ ہو اور اس خونی رشے کی وجہ سے اس سے کبھی بھی نکاح نہ ہوسکتا ہو،تو پھر ایسے عطیہ یا تحفہ کو واپس نہیں لیاجاسکتا۔قریبی رشتہ دار سے مراداں باپ، دادا دادی ،نانا نانی ،بیٹا بیٹی،پوتا پوتی،نواسہ نواسی،بھائی بہن ،بھتیجا بھتیجی،بھانجا بھانجی،چچا ،پھوپھی،خالہ ،ماموں وغیرہ رشتہ دار ہیں۔اس حکم کی علت یہ ہے کہ نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے کہ جو ہبہ ذورحم محرم کے حق میں کیا جا ئے اس سے رجوع نہیں کرسکتا ہے۔یہ تو ایک اصولی  حکم کابیان تھا مگر صورت آپ نے بیان کی ہےاس  کی نوعیت دوسری ہے۔ماموں نے جس وقت بیٹے کو بلڈنگ دی اس وقت وہ مرض وفات میں مبتلا تھے۔مرض وفات میں اگر ہبہ کیاجائے تو اس کاحکم وصیت کا ہوتا ہے اور وصیت سے رجوع ہوسکتا ہے ،اس لیےماموں نے اگر بلڈنگ واپس لے لی تھی تو بلڈنگ ماموں کی کہلائے گی اوراب ان کی وفات کے بعد ان کاترکہ ہے جو میراث کے قاعدے کےان کے تمام شرعی ورثاء میں تقسیم کی جائے گی۔