قضا نمازوں کی ادائیگی کاطریقہ
سوال :۔ میری عمر تقریبًا 25سال ہے مجھے صحیح نہیں معلوم کہ میرے ذمہ کتنے سال کی نماز قضا فرض ہے لیکن اب میں نمازوں کی قضائے عمری کرنا چاہتا ہوں مجھے کتنے سال نمازوں کی قضا کرنا پڑے گی؟ اور اس کا آسان طریقہ تجویز فرمائیں تا کہ میں کم وقت میں قضائے عمری کر لوں، (حسنین لاہور)
جواب:۔جو نمازیں قضا ہوئی ہیں ان پر توبہ واستغفار کیجیے، آئندہ کسی صورت میں نماز قضا نہ کرنے کا عزم کیجیے، اور بلوغت کے بعد جتنی فرض اور وتر ادا نہیں کئے ہیں، ان کو ادا کیجیے، اگر قضا نمازوں کی تعداد معلوم نہ ہو تو غالب گمان پر عمل کریں اور نمازوں کی قضا کرتے رہیں، یہاں تک یہ یقین ہوجائے کہ اب میرے ذمہ کوئی اور نماز باقی نہیں ہوگی، قضا نماز ادا کرنے کی آسان صورت یہ ہے کہ ہر ایک نماز کے ساتھ ایک نماز کی قضا کرلی جائے ، یا دن رات میں کوئی ایک وقت مخصوص کرکے ایک دن کی قضا پڑھ لیں اورہر قضا نماز کے لیے نیت یہ کریں کہ میرے ذمہ جتنی قضا نمازیں ہیں اس میں سے یہ پہلی کی قضا کرتا ہوں، مثلا اگر فجر کی قضا کرنی ہوتو نیت اس طرح کرے کہ میرے ذمے جتنی فجر کی قضا نمازیں ہیں ان میں سے سب سے پہلی کی قضا کرتا ہوں، اسی طرح دیگر نمازوں میں بھی نیت کرلیاکریں۔حاشية الطحطاوي على مراقي الفلاح شرح نور الإيضاح (ص: 446، 447)