امام کامحراب سے پیچھے کھڑےہوکر نمازپڑھانا



سوال:۔ میں نے اکثر دیکھا ہے  جب جمعہ کی نماز پڑھنے کے لیے جائیں تو وہاں لوگوں کی بڑی تعداد آتی ہے لیکن مسجد میں  موجود سب سے پہلی صف خالی ہوتی ہے اور اس جگہ امام  صاحب کا مصلی پڑا ہوتا ہے  جس جگہ وہ جماعت کراتے ہیں ، موسم کیسا بھی ہو ، بارش ہو ، گرمی ہو  لیکن پہلی صف میں مقتدی کھڑے نہیں ہوتے ، کیا اس کا مذہبِ اسلام میں کوئی حکم ہے، کیا مقتدی پہلی صف میں کھڑے نہیں ہوسکتے؟ امام صاحب جماعت،منبر کےساتھ موجود جگہ پر نہیں کراسکتے، اس بارے میں رہنمائی فرمائیں  کیوں کہ یہ مسئلہ میں نے کافی جگہ دیکھا۔(محمد بلال خان جدون)
 
جواب:۔ پہلی صف وہ نہیں ہے جو محراب کے متصل ہے بلکہ وہ ہے جو امام کے متصل پیچھے ہے۔اب اگر مسجد بڑی اورکشادہ ہے  اورامام محراب کی سیدھ میں پیچھے کھڑا ہوتا ہے یا موسم  کی وجہ سے یا کسی اورمصلحت سے امام محراب سے ہٹ کر مگر اس کی  سیدھ  میں کھڑا ہوتا ہے تو درست ہے اورنمازی اس کے پیچھے کھڑے ہوکر پہلی صف کی فضیلت حاصل کرسکتے ہیں ۔مسجدوں میں جو محراب بنائے جاتے ہیں ان کے بنانے سے غرض یہ ہے کہ مسجد کے درمیان کاتعین ہوجائے تاکہ امام صفوں کے بیچ میں کھڑا ہو گویامحراب  اصل مقصود نہیں ہے بلکہ وہ ایک علامت  ہے اوراس سے مدد لے کر امام کو وسط میں کھڑا ہونا چاہیے۔ شامی (رد المحتار) (1/ 568)