فرض نماز کے بعدسجدے میں جاکر دعاکرنا
سوال:۔ کیا فرض نماز کے بعد سجدہ کی حالت میں دعا مانگنا جائز ہے ؟(اسرار احمد،سیالکوٹ)
جواب:۔دعا عبادت ہے بلکہ عبادت کا مغز ہے۔عبادت کی ظاہری شکل بھی شریعت نے متعین کردی ہے۔دعا کی ظاہری شکل سنت کے مطابق یہ ہے کہ سینے تک ہاتھ اٹھا کر تضرع اور عاجزی کے ساتھ دعا مانگی جائے ، نماز کے بعد بھی اسی طریقہ سے دعا مانگنی چاہیے۔فرض نماز کے بعد فورا سجدہ کرکے اس میں دعا کرنے سے لوگوں کا اس غلط فہمی میں پڑنے کا اندیشہ ہے کہ شاید فرض نماز کے بعد اس طرح سجدہ کرنا سنت ہے۔ جس کام سے ناواقف لوگوں کے فساد عقیدے کا اندیشہ ہو اس سے اجتناب لازم ہے،البتہ نوافل کے سجدوں میں دعا کی جاسکتی ہے۔( رد المحتار ، ص 120 ج 2، ط:سعید)