سجدے میں پاؤں کی انگلیاں زمین پررکھنےکے متعلق
سوال:۔ نماز میں سجدے کی حالت میں پاؤں کی انگلیوں کے پیٹ کا زمین پر لگنے کی شرط سے کیا مراد ہے، رکوع کے بعد سجدہ میں جاتے ہوئے دونوں پاؤں دائیں طرف نکالنے کی وجہ سے میری کسی انگلی کا پیٹ زمین پر نہیں لگتا، وضاحت فرمادیں۔(حنا رفیق)
جواب:۔ اصل یہ ہے کہ سجدے کی حالت میں دونوں پاؤں زمین پر رکھنا واجب ہے، عذر کے بغیر ایک پاؤں کو اٹھانا بھی مکروہ تحریمی ہے، اگر پورے سجدے میں دونوں پیروں کو بالکل زمین سے اٹھائے رکھا تو سجدہ ادا نہیں ہوگا، کم از کم ایک انگلی کسی وقت زمین پر رکھ لی جائے تو فرض ادا ہوجائے گا۔ دونوں پاؤں کی انگلیوں کا رخ قبلہ کی طرف سنت ہے۔ انگلی زمین سے لگانے کا مطلب یہ ہے کہ انگلی کے سرے کا گوشت زمین سے لگے یعنی انگلی زمین پر مڑجائے، البتہ چوں کہ عورت کی لیے نماز میں نبی کریم ﷺ کی ہدایت یہ ہے کہ وہ سمٹ کر سجدہ کریں کیوں کہ یہ ان کے لیے زیادہ سترپوشی کا باعث ہے اس لیے عورت سجدہ میں پاؤں کھڑا کرکے انگلیاں قبلہ رخ نہ کرے بلکہ دونوں پاؤں دائیں طرف نکال کر سمٹ کر سجدہ کرے اور وسعت کے مطابق پاؤں کی انگلیاں قبلہ رخ کرنے کی کوشش کرے۔ السنن الكبرى للبيهقي (2 / 315)ہندیہ (1 / 70) بحر (1 / 336)