نماز میں سورتو ں کو ترتیب سے پڑھنا کیوں ضروری ہے
سوال :۔ آپ نے ایک بار لکھا تھا کہ نماز میں سورت فاتحہ کے بعدسورتوں کواسی ترتیب سے پڑھنا چاہیے جیسے کہ قرآن میں ہے سوال یہ ہے کہ سورتوں کی یہ ترتیب تو قرآن کریم میں حضرت ابوبکر وعمر رضی اللہ عنہ کے زمانے میں متعین ہوئی ہے تو اگر یہ بعد میں ان حضرات کی طرف سے متعین کی گئیں ہیں اللہ کی طرف سے نہیں تو یہ شرط سے کیسے آگئی کہ اگر ترتیب سے نہ پڑھے تو گناہ گار ہوگا ۔( ماہین شکیل )
جواب :۔ قرآن کریم جس ترتیب پر آج ہمارے پاس موجود ہے اس ترتیب پر نازل نہیں ہوا بلکہ موقع اور حالات کی مناسبت سے ضرورت کے مطابق قرآن کریم کی سورتیں اور آیات نازل ہوتی تھیں لیکن جب کوئی سورت یا آیت نازل ہوتی تو نبی اکرم ﷺ کاتبین وحی کو بلاکر فرمادیتے کہ اس آیت کو فلاں مقام پر فلاں سورت میں لکھ دیا جائے چنانچہآپ ﷺکی ہدایت کے مطابق صحابہ کرام رضی اللہ عنہم درج فرمادیتے تھے۔اس ترتیب کے مطابق قرآن کریم مکمل ہوااور اب اس کو اسی ترتیب کے مطابق پڑھاجائے گا اور اسی ترتیب کی رعایت نماز میں بھی ضروری ہےاور اس کے خلاف قصدا کرنے سے نمازمکروہ ہوگی ۔( الاتقان فی علوم القرآن ، النوع الاول : 1/10-12 ، حلبی کبیر : 494 ردالمحتار علی الدر : 1/547)