دوران حج تصویرکھنچوانا
سوال:۔بعض لوگ حج بھی کرتے ہیں اوراس دوران خانہ کعبہ اورمقام ابراہیم اورحطیم میں تصویریں بھی کھنچواتےہیں ،ایسے لوگوں کاکیا حکم ہے،کیا ان کا حج مقبول ہوگا؟
جواب:۔ حج کے موقع پر بطورخاص گناہ سے بچنے کی تلقین کی گئی ہے جب کہ تصویر سے شریعت کو سخت نفرت ہے اورجب یہی حرکت نیک عمل کرتے وقت مقدس مقامات میں کی جائے تو اس کی شناعت دوچند ہوجاتی ہے۔حق تعالی شان کسی قصور کےساتھ کسی کا عمل قبول فرمالیں تو کسے سوال کی مجال ہے مگر جو ضابطہ ہے اس کے مطابق گناہ کے ساتھ حج مبرور نہیں ہوتا اورگناہ سے ثواب میں کمی آتی ہے۔علاوہ ازیں ایسے لوگوں کا مقصد تصویر یں کھنچواکر اپنےحج کی نمائش ہوتا ہے جب کہ ریاکاری اورنمودسے اعمال کاثواب برباد ہوجاتا ہے۔