گری پڑی چیزاٹھاکر مالک کو واپس نہ کرنا
سوال :۔ میرے کزن کو تقریبا تین سال پہلے روڈ سے ایک موبائل فون ملا تھا، اس میں محلہ کے لڑکوں کی پکچرز تھیں ،اس دوران اس کے مالک کی کالز بھی آرہیں تھیں مگر اس نے سم نکال کر پھینک دی تھی ، اور وہ موبائل اس نے 25000 پچیس ہزار میں فروخت کردیا تھا ۔ اب وہ شرمندہ ہے اپنی اس حرکت سے ،کہ اس نے موبائل کیوں سیل کیا ؟ اب وہ معاملہ صاف کرنا چاہتا ہے ، اس کاشرعی کیا طریقہ ہے ؟ ( ارسلان رضا ، کوئٹہ بلوچستان )
جواب :۔موبائل ملنے کے بعد جب مالک کے رابطہ کرنے پر اسے اس کا حق واپس نہیں کیا گیا تو معاملہ غصب کے زمرے میں داخل ہوگیا۔اب حکم یہ ہےتوبہ واستغفار کے بعدموبائل کے مالک یاپھر اس کے ورثاء کو ڈھونڈاجائے ،جب تلاش سے مایوسی ہوجائے تو موبائل کی قیمت اس کی طرف سے صدقہ کردی جائے۔ ( مشکوٰۃ المصابیح ، ص: 255، معالم التنزیل للبغوی ، 2/50)