توبہ کے بعد مسائل میں مبتلا رہنا



سوال:۔  انسان اپنے عروج پر بہت غفلت برتتا ہے، اسے اپنے سے زیادہ کوئی اچھا نہیں دکھتا،  ایسا ہی ایک وقت میرا تھا،  جس میں نے بہت سے لوگوں کے دل دکھائے،  اور برےالفاظ استعمال  کئے،  اور بعد میں معافی بھی مانگی، اور آج ان سب سے ہنسی مذاق ہوتی ہے، لیکن میری زندگی میں بہت سے مسائل پیدا ہوگئے ہیں ، اور مجھے لگتا ہے کہ میں نے  انجانے میں کسی کا دل دکھایا ہے، ، شاید یہی وجہ ہے کہ آج اتنے مسائل ہیں ،  کیا قرآن و سنت میں اس کا کوئی حل موجود ہے،  مجھے کوئی وظیفہ بتادیں؟ (فارس اسلم)
 
جواب:۔اللہ تعالی سے توبہ واستغفار اورمخلوق سے معافی  اوران کے حق کی ادائیگی اوران  کو خوش کرنے کے بعد نہ مایوسی کی ضرورت ہے اورنہ ہی کسی وظیفے کی حاجت ہے۔توبہ کے بعدانسان کے ساتھ جو مسائل ہوتے ہیں ضروری نہیں کہ وہ توبہ سے پہلے والے اعمال کانتیجہ  ہو بلکہ اللہ پاک اپنے بندوں  کو مزید نوازنے اوراوراپنا قرب نصیب کرنے کےلیے بھی انہیں آزمائش میں مبتلاکرتےہیں ،ایسے موقع پر اگر دھیان اللہ پاک کی طرف ہےاورزبان یاعمل سے ناشکری  نہیں ہے تو سمجھ لیجیے کہ تکلیف  اللہ پاک کی ناراضگی  کے سبب سے نہیں ہے  بلکہ ہمارے درجات کی بلندی کے لیے ہے۔