مشینی ذبیحہ
سوال: کیا ہم مشینی ذبیحہ کا گوشت کھاسکتے ہیں، امریکہ اور کینیڈا میں کچھ فارم ہاؤس جب مشین کو اسٹارٹ کرتے ہیں تو پہلی مرتبہ کوئی تکبیر کہتا ہے پھر اس کے بعد تمام مرغیاں ذبح ہونا شروع ہوجاتی ہیں، ہر مرغی پر تکبیر نہیں پڑھی جاتی، کیا ہم ایسا گوشت کھاسکتے ہیں؟ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ یہ عمومی مسئلہ ہے حتی کہ بڑے مسلمان ملکوں میں بشمول مکہ مکرمہ ومدینہ منورہ میں ایسا ہوتا ہے، کیا ہمیں احتیاط کرنی چاہیے کہ جب ہم باہر کھانا کھائیں ، اکثر ممالک میں ایسا ہی گوشت در آمد کیا جاتا ہے؟ (طارق محمود)
جواب: ۔جس ذبیحہ پر تکبیر نہ پڑھی گئی ہویا تکبیر پڑھنے والا مسلمان یا کتابی نہ ہووہ مردارہے اوراس کاکھاناحرام ہے۔گوشت کے بارے میں جب تک اطمینان نہ ہوکہ حلال جانور کا ہے اورحلال طریقے سے ذبح کیا گیا ہے اس وقت تک اجتناب لازم ہے۔غیر مسلم ممالک سے جو گوشت درآمد کیا جاتا ہے وہ حلال نہیں ہے الایہ کہ یقینی ذرائع سے اس کاحلال ہونا معلوم ہوجائے۔ حرمین شریفین میں جو گوشت دستیاب ہوتا ہے اس کے بارے میں ٹھوس شہادت یا تحقیق ہے توضرور پرہیز کیجئے لیکن اگر محض سنی سنائی باتیں ہیں تو ان کااعتبار نہیں اوروہاں سے چونکہ پورے عالم اسلام کی وابستگی ہے اس لیے مکمل تحقیق کے بغیر لب کشائی سے گریز لازم ہے۔فتح القدیر لابن الھمام9/486